Official Web

یقین ہے عمران خان سے جوبائیڈن کی گفتگو جلد ہوگی:امریکی نائب وزیر خارجہ

اسلام آباد: امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین نے دورہ پاکستان میں کہا کہ ہمیں بہت اچھے سے اندازہ ہے کہ ہر ملک اسوقت امریکی صدر جوبائیڈن کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو چاہتا ہے، مجھے یقین ہے کہ عمران خان کے ساتھ یہ گفتگو بہت جلد ہوگی۔

امریکہ کی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین نےاپنے دورہ پاکستان میں پاکستانی ایڈیٹرز سے ملاقات کی،اس موقع پر دنیا نیوز کی جانب سے سوال کیا گیا کہ ستمبر میں ری بپلکن کے 22 سینیٹرز نے بل پیش کیا اور پاکستان کو ٹارگٹ کیا اس پر کیا کہنا چاہیں گی جس پر وینڈی شرمین نے کہا کہ ہمیں سینکڑوں بل ملتے ہیں، ہزاروں افراد ان کے پیچھے ہیں، ہم پاکستان کے تحفطات سے آگاہ ہیں اور اس صورتحال کودیکھ رہے ہیں۔

دنیا نیوز کی طرف سے ایک اور سوال کیا گیا کہ امریکی صدر بائیڈن کے وزیر اعظم عمران خان سےرابطہ نہ کرنے کو کیا سمجھا جانا چاہیے؟ جس کا جواب دیتے ہوئے امریکی نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ جلد با بدیر یہ رابطہ ہو جائے گا ، اس لیے میں سمجھتی ہوں کہ اس سے کوئی اور مطلب نہیں لیا جانا چاہیئے۔

وینڈی شرمین نے مزید کہا کہ میں نہیں سمجھتی کہ اب تک ٹیلی فون پر گفتگو نہ ہونے کے حوالے سے زیادہ قیاس آرائیوں کی ضرورت ہے، جہاں تک کانگریس کا تعلق ہے تو ہمارے ہاں سیکنڑوں بل پیش کئے جاتے ہیں اور ان میں ہزاروں ترامیم کی تجاویز آتی ہیں، ہم اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں اور پاکستان کے تحفظات اور تشویش کو سمجھتے ہیں۔