Official Web

اداروں کیخلاف زبان استعمال کرنے والے منہ کے بل گریں گے: شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اداروں کے خلاف زبان استعمال کرنے والے منہ کے بل گریں گے۔

راولپنڈی میں ویمن یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا خواتین کی تعلیم میں راولپنڈی سرفہرست ہے، راولپنڈی میں جہاں بھی خالی پلاٹ نظر آیا وہاں کالج بنوایا۔

ان کا کہنا تھا راولپنڈی کو کوئی شکست نہیں دے سکتا کیونکہ یہاں کی بیٹی پڑھی لکھی ہے، راولپنڈی شہر میں ایک رکشہ ڈرائیور کی بیٹی نے سی ایس ایس کیا۔

انہوں نے کہا کہ نالہ لئی ایکسپریس وے کا دسمبر میں افتتاح کرنے جا رہے ہیں، نالہ لئی ایکسپریس وے منصوبے کے بعد سیاست کو خیر باد کہیں گے اور کسی اور کو موقع دیں گے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اداروں کے خلاف زبان استعمال کرنے والے منہ کے بل گریں گے، اب ن لیگ کے تین گروپس دیکھ رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک بڑے حساس اور پیچیدہ وقت سے گزر رہا ہے، پاکستانی سیاست کے 120 دن اہم ہیں، سیاستدان مغرب کی طرف دیکھ رہا ہے لیکن سیاست مشرق سے طلوع ہو رہی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کورونا کو بہتر طریقے سے ہینڈل کیا، افغانستان کو بھی بہتر طریقے سے ہینڈل کریں گے اور عمران خان کی قیادت میں مہنگائی پر بھی قابو پالیں گے۔