Official Web

جرمنی نے اقوام متحدہ میں طالبان کی خطاب کیلئے درخواست کی مخالفت کردی

جرمنی نے کہا ہےکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں طالبان نمائندے کے خطاب کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جرمنی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں طالبان نمائندے کو نشست اور خطاب کرنے دینے کی مخالفت کردی ہے۔

جرمن وزیر خارجہ نےکہا ہےکہ افغانستان کے نئے حکمرانوں (طالبان) کے لیے جنرل اسمبلی میں وقت مختص کرنےکا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اہم یہ ہےکہ وہ صرف باتوں کے بجائے عملی اقدامات کریں، انسانی حقوق اور خاص طور پر خواتین کو حقوق دینے سمیت قومی حکومت اور دہشت گرد گروپوں سے دو ر  رہیں۔

خیال رہےکہ طالبان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں عالمی رہنماؤں سے خطاب کرنے دینےکا مطالبہ کرتے ہوئے سہیل شاہین کو اقوام متحدہ میں اپنا نمائندہ بھی نامزدکردیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق افغانستان کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو خط لکھتے ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے دینےکا مطالبہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کے ترجمان نے طالبان وزیرخارجہ کے خط کی تصدیق کرتے ہوئےکہا ہےکہ افغانستان کی اقوام متحدہ کی نشست کے لیے درخواست 9 رکنی کمیٹی کو بھیجی گئی ہے،کمیٹی میں امریکا، چین اور روس شامل ہیں۔