Official Web

راولپنڈی میں کار پر فائرنگ سے ایڈیشنل آئی جی موٹروے زخمی، بھائی جاں بحق

راولپنڈی: فتح جنگ میں نامعلوم ملزمان نے ایڈیشنل آئی جی موٹروے کی گاڑی پر فائرنگ کردی نتیجے میں وہ زخمی جب کہ ان کے بھائی نعمان فضل جاں بحق ہوگئے۔

ترجمان پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی موٹر وے سجاد افضل آفریدی پر فائرنگ کا واقعہ فتح جنگ انٹرچینج پر پیش آیا جس میں وہ زخمی جب کہ ان کے بھائی جاں بحق ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ان پر ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ میں 6 مسلح افراد نے فائرنگ کی، سجاد افضل آفریدی سرکاری گاڑی میں اپنے بھائی کے ساتھ موجود تھے، واقعہ بظاہر پرانی دشمنی لگتا ہے۔
noman afzal afridi
پولیس آفیسر کے جاں بحق ہونے والے بھائی نعمان افضل آفریدی کی ایک تصویر
اس حوالے سے موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل آئی جی موٹروے ایم ون پر مشکوک گاڑی کا پیچھا کررہے تھے، حملہ آوروں نے ایڈیشنل آئی جی کی سرکاری گاڑی پر فائرنگ کردی نتیجے میں ایڈیشنل آئی جی پولیس کو 2 گولیاں لگی ہیں اور وہ شدید زخمی ہیں جنہیں پمز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ ان کے بھائی جاں بحق ہوچکے ہیں۔

دریں اثنا ایڈیشنل آئی جی موٹروے حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔ سفید رنگ کی مشکوک گاڑی کا پیچھا کرتے ہوئے سرکاری گاڑی انٹرچینج پر رکی تو مشکوک گاڑی میں سوار ملزمان نے ایڈیشنل آئی جی کی گاڑی کے سامنے گاڑی روک کر اندھا دھند فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ راولپنڈی موٹروے پولیس کا عملہ انٹرچینج پر حملہ آوروں کی گاڑی روکنے میں ناکام رہا۔