Official Web

امید ہے افغان طالبان افغانستان میں مہذب طریقے سے پیش آئیں گے: روسی صدر

ماسکو: (ویب ڈیسک) افغانستان میں طالبان کی ممکنہ حکومت سے قبل روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا کہنا ہے کہ امید ہے افغان طالبان افغانستان میں مہذب طریقے سے پیش آئیں گے۔

ایسٹرن اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے روسی صدر کا کہنا تھا کہ طالبان افغانستان میں مہذب طریقے سے پیش آئیں گے تاکہ عالمی برادری کابل کے ستھ سفارتی تعلقات قائم کر سکے۔ روس ٹکڑوں میں بٹے افغانستان میں دلچسپی نہیں رکھتا۔ اگر ایسا ہوا تو کوئی بات کرنے کے لیے تیار نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ طالبان جتنی جلدی مہذب دنیا میں قدم رکھیں گے تو ان کے ساتھ رابطہ کرنے، گفتگو کرنے اور کسی حد تک اثر ڈالنے اور سوالات اٹھانے میں آسانی ہوگی۔ افغانستان سے امریکی انخلا ’تباہی‘ پر انجام پذیر ہوا۔ انہوں نے اس مہم پر 1.5 ٹریلین ڈالرز خرچ کیے، لیکن اس کا نتیجہ کیا نکلا؟ کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

اے ایف پی کے مطابق روس نے طالبان کے ساتھ تعلقات بنانے میں احتیاط سے کام لیا ہے۔ کابل پر طالبان کے قبضے کے کئی روز بعد روسی سفیر نے طالبان کے نمائندگان کیساتھ ملاقات کی اور کہا کہ روس افغانستان میں اپنا سفارتخانہ قائم رکھے گا۔