Official Web

رمیز راجہ پی سی بی کی کمان سنبھالنے والے تیسرے سابق قائد ہوں گے

لاہور: رمیز راجہ پی سی بی کی کمان سنبھالنے والے تیسرے سابق کپتان ہوں گے تاہم اس سے قبل اے ایچ کاردار اور جاوید برکی بھی فرائض سر انجام دے چکے۔

رمیز راجہ پی سی بی کے36 ویں چیئرمین بننے والے ہیں،13ستمبر کو گورننگ بورڈ کی میٹنگ میں ان کے انتخاب کی کارروائی مکمل ہوجائے گی، وہ پی سی بی کی کمان سنبھالنے والے تیسرے سابق کپتان ہوں گے،اس سے قبل اے ایچ کاردار اور جاوید برکی نے فرائض سر انجام دیے۔

ایک سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز بٹ بھی چیئرمین پی سی بی کے عہدے پر فائز رہے ہیں، اے ایچ کاردار کا سب سے بڑا کارنامہ یہ تھا کہ انھوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ڈپارٹمنٹس کی ٹیمیں متعارف کرائیں،اس سے کھلاڑیوں کو معاشی استحکام ملا اور مستقبل کیلیے تحفظ حاصل ہوا۔
رمیز راجہ ایک ایسے بورڈ کا چارج سنبھالیں گے جس نے پیٹرن اور وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر اداروں کی ٹیمیں سرے سے ختم کرتے ہوئے 6صوبائی ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کا سسٹم متعارف کرایا ہے۔

اس سے قبل فرسٹ کلاس کرکٹرز ظفر الطاف اورڈاکٹر نسیم اشرف نے بھی بطور پی سی بی چیئرمین کام کیا ہے، جولائی 1954سے 1960تک صدور،وزراء اعظم بورڈ کے سربراہ رہے، مجموعی طور پر 4لیفٹیننٹ جنرلز،ایک فیلڈ مارشل،ایک ایئر مارشل،7سول سرونٹس،ایک صحافی،ایک چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ،ایک میڈیکل ڈاکٹر،سپریم کورٹ کے 2چیف جسٹس، اتنے ہی جج اور 3بزنسمین چیئرمین پی سی بی رہے ہیں۔

ان میں سے جسٹس اے آر کارنیلس اور ایئر مارشل نور خان کو بطور چیئرمین سب سے کامیاب قرار دیا جاتا ہے، جسٹس اے آر کارنیلس کے دور میں لوگو اور پہلا آئین بھی تیار کیا گیا تھا۔