Official Web

کابل ائیرپورٹ دھماکے, پاکستان کی شدید مذمت

پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک کی جانب سے گزشتہ روز کابل ائیر پورٹ پر ہونے والے خودکش دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

پاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کابل ائیرپورٹ پر ہونے والے دھماکوں میں بچوں سمیت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کی اطلاعات ہیں، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی سمیت زخمیوں کی جلد صحت یابی کےلیے دعا گو ہے۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ، سعودی عرب، چین، برطانیہ، جرمنی، اٹلی، اسپین اور فرانس سمیت کئی ممالک کی جانب سے بھی کابل دھماکوں کی مذمت کی گئی ہے۔

ادھر کابل ائیر پورٹ کی صورتحال پر غور کے لیے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیوگوٹریس نے سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔

خیال رہے کہ کابل ائیرپورٹ پر ہونے والے دھماکوں کے باوجود امریکا سمیت کئی ممالک نے افغانستان سے انخلا کا عمل جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے تاہم جرمنی نے اپنے شہریوں کے انخلا کا عمل روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جرمن وزیر خارجہ افغانستان میں پھنسے شہریوں کے انخلا پر بات چیت کے لیے جلد پاکستان، ازبکستان اور تاجکستان کا دورہ کریں گے۔