Official Web

لوئر کرم میں مخالف قبائل کے درمیان تصادم سے 6 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

پاراچنار: لوئر کرم میں جائیداد کے تنازع پر 2 قابئل کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جب کہ 11 زخمی ہوگئے۔

خیبر پختونخوا میں ضم کئے گئے ضلع کرم کے علاقے مہورہ میں شیر جان کلے اور سابق کلے کے قبائل کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 6 افراد جاں بحق جب کہ 11 زخمی ہوگئے، لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال پاراچنار منتقل کیا گیا ہے، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے ، جس کی وجہ سے جانی نقصان میں اضافے کا اندیشہ ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شیر جان کلے اور سابق کلے قبائل کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے سے جائیداد کا تنازع چل رہا تھا، جمعرات کی صبح دونوں مخالف فریقین کا آمنا سامنا ہوگیا، تلخ کلامی کے بعد معاملہ اس قدر بڑھ گیا کہ دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ علاقے میں اب بھی کشیدگی برقرار ہے۔