Official Web

پاکستان کی 176 رنز پر اننگز ڈکلئیر ، ویسٹ انڈیز کو 329 رنز کا ہدف دیدیا

کنگسٹن: کنگسٹن ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے دوسری اننگز 176 رنز پر ڈکلئیر کر دی، ونڈیز کو جیت کیلئے 329 رنز کا ہدف حاصل کرنا ہو گا۔

میزبان ٹیم نے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 49 رنز بنا لئے۔ اوپنر کائل پاویل نے 23 رنز بنائے تھے کہ شاہین آفریدی نے رن آوٹ کر دیا، کپتان کریک بریتھ وٹ 17 اور الزاری 8 رنز پر کریز پر موجود ہیں۔ اس مرحلے پر پاکستان کو ٹیسٹ سیریز برابر کرنے کیلئے 9 وکٹوں کی جبکہ ویسٹ انڈیز کو فتح کیلئے 280 رنز کی ضرورت ہے۔

پاکستان نے 152 رنز کی برتری سے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر عمران بٹ 37 اور عابد علی 29 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد بھی پاکستانی بلے باز کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے۔ اظہر علی 22، بابر اعظم 33، حسن علی 17 جبکہ فہیم اشرف 9 اور محمد رضوان 10 رنز تک محدود رہے۔ اسکور 176 پر پہنچا تو کپتان بابر اعظم نے اننگز ایک مرتبہ پھر ڈکلئیر کر دی۔ اس طرح ویسٹ انڈیز کو 326 رنز کا ہدف دے دیا۔

اس سے پہلے ویسٹ انڈیز نے چوتھی صبح تین وکٹوں پر 39 رنز کے ساتھ اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو شاہین آفریدی نے نائٹ واچ مین الزاری جوزف کو چار رنز بنانے کے بعد رخصت کردیا لیکن اس کے بعد این کروما بونر اور جرمین بلیک ووڈ نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 60 رنز جوڑ کر پاکستانی بالرز کو مایوس کردیا تھا تو اس موقع پر محمد عباس نے چھ چوکوں سمیت 37 رنز بنانے والے این کروما بونر کو وکٹوں کے عقب میں کیچ کرادیا اور اگلی بال پر کائیل میئرز بھی صفر کا تحفہ لے کر واپس لوٹ گئے تو پاکستانی ٹیم کھیل میں واپس آگئی کیونکہ اسکور میں چار رنز کا اضافہ جرمین بلیک ووڈ کو بھی لے ڈوبا جو 33 رنز میں چھ چوکے لگا کر شاہین آفریدی کے ہاتھوں جکڑے گئے۔

محمد عباس نے چھ رنز بنانے والے جوشوا ڈا سلوا کو ایل بی ڈبلیو کیا تو جیسن ہولڈر نے اپنے شاٹس کھیلنے کا فیصلہ کیا مگر وہ دو چوکوں اور دو چھکوں سمیت 26 رنز ہی بنا سکے اور شاہین آفریدی نے کیمار روچ کو چھٹا شکار بنا کر ویسٹ انڈیز کو 150 رنز پر محدود کر دیا۔محمد عباس نے بھی تین وکٹیں لے کر پاکستان کو پہلی اننگز میں 152 رنز کی برتری دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔