Official Web

فواد نے انضمام کو بھی اپنے گن گانے پر مجبورکردیا

کراچی: فواد عالم نے انضمام الحق کو بھی اپنے گن گانے پر مجبور کردیا۔

سابق کپتان کا کہنا ہے کہ مڈل آرڈر بیٹسمین ٹیم میں واپسی کے بعد مسلسل عمدہ پرفارم کررہے ہیں، وکٹ پر سیٹ ہونے بعد بڑا اسکور بنا کر دم لیتے ہیں، ادھر شعیب اختر نے فواد کو جینیئس قرار دے دیا, وہ کہتے ہیں کہ بیٹسمین دل سے صرف اہنے ملک کیلیے کھیل رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انضمام الحق جب تک پاکستان کے چیف سلیکٹر رہے تب تک انھوں نے مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم پر ٹیم کے دروازے سختی سے بند کیے رکھے، اب وہ خود بھی فواد کے عمدہ کھیل کی تعریف پر مجبور ہوگئے ہیں جنھوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں شاندار بیٹنگ کی ہے۔
انضمام کہتے ہیں کہ بابر اعظم اور فواد عالم نے سخت حریف اور کنڈیشنز کے باوجود اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے، ایسی کنڈیشنز میں پرفارمنس کسی بھی کرکٹر کی صلاحیتوں کی آزمائش ہوتی ہے, فواد عالم کریمپس کا بھی شکار ہوئے، وہ کافی.اچھا کھیل رہے ہیں، جب سے ٹیم میں ان کی واپسی ہوئی ہے وہ مسلسل عمدہ کھیل.رہے ہیں۔

وہ.ایک اور سنچری سے اپنے حالیہ کارناموں کی فہرست میں اضافہ کرسکتے ہیں، وہ کافی اچھے ریٹ پر سنچری اسکور کرتے ہیں، جب وہ وکٹ پر سیٹ ہوجاتے ہیں تو پھر ففٹی پر اکتفا نہیں کرتے بلکہ بڑی اننگز کی کوشش کرتے اور یہی سب سے اچھی چیز ہے، دوسروں کوبھی ان سے سیکھنا چاہیے کہ سیٹ ہونے کے بعد سنچری کیسے بناتے ہیں۔

بابر اعظم کے بارے میں انضمام الحق کا کہنا تھا کہ کپتان اچھا کھیلنے کے باوجود تھوڑا بدقسمتی کا شکار رہے، وہ آغاز میں دباؤ سے چھٹکارے کیلیے بولرز پر اٹیک کرتے ہیں مگر حالیہ کچھ عرصے میں بڑی اننگم نہیں کھیل پائے ہیں، ویسے ہمیں انھیں بڑا اسکور بناتے ہوئے دیکھنے کی عادت سی ہوگئی ہے۔ دوسری جانب سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے فواد عالم کو جینیئس قرار دیا ہے، وہ کہتے ہیں کہ فواد نے ٹی وی پر کام کیا، کرکٹ کھیلی اور ہمیشہ پرفارمنس کا سلسلہ برقرار رکھا، 11 برس تک ٹیم سے باہر رہنے کے باوجود وہ پورے خلوص سے صرف پاکستان کیلیے کھیل رہے ہیں، میں ان کو سراہتا ہوں۔