Official Web

پدماوتی کے بعد اب ’دھڑک‘ بھی مشکلات کا شکار

 ممبئی: فلم پدماوتی کے بعد اب بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار کرن جوہر کی فلم ’دھڑک‘ شوٹنگ کی ابتدا میں ہی مشکلات کا شکار ہوگئی۔

کچھ عرصے قبل بالی ووڈ کی کامیاب فلموں کی خبریں سننے میں آیا کرتی تھیں لیکن اب فلموں کی مشکلات کی خبریں سامنے آرہی ہیں، راجھستان میں فلم ’پدماوتی‘ بھی گزشتہ کئی ماہ سے انتہا پسند ہندؤوں کی اشتعال انگیزی کی وجہ سے اپنے بننے کی ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور اب کرن جوہر کی فلم ’دھڑک‘ کو بھی کچھ اسی طرح کے حالات کا سامنا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راجھستان میں کرن جوہر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’دھڑک‘ کی شوٹنگ مقامی رہائشیوں کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر اور احتجاج کی وجہ سے روک دی گئی ہے، احتجاج کرنے والوں کا کہنا ہے کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران وہاں کھڑی عملے کی گاڑیوں اور وینیٹی وین کی وجہ سے امبے کیشور مہادیو مندر کو خاصا نقصان پہنچا ہے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ ’ ہمیں جے پور میں فلم کی شوٹنگ سے کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن کسی کا یہ حق نہیں ہے کہ وہ ہمارے تاریخی مندروں کو نقصان پہنچائے اس لیے فلم کے یونٹ کے سربراہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے‘۔

واضح رہے کہ فلم میں سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور اور اداکار شاہد کپور کے چھوٹے بھائی ایشان مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جب کہ فلم 6 جولائی 2018ء کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔