Official Web

چین،چھنگ ڈومیں نیاہوائی اڈہ پروازوں کیلئےکھول دیاگیا

چھنگ ڈو(شِنہوا)چین کے جنوب مغربی صوبہ سیچھوآن میں چھنگ ڈوتیان فو بین الاقوامی ہوائی اڈے نے سرگرمیاں شروع کردی ہیں جہاں سے سیچھوآن فضائی کمپنی کی پرواز اتوار کی صبح بیجنگ کیلئے روانہ ہوئی۔

مرکزی علاقہ چھنگ ڈو سے تقر یباً 50کلومیٹر دورواقع تیان فو ہوائی اڈہ چین کے13ویں5سالہ منصوبہ کے عرصہ(2016تا2020) کے دوران  شہری نقل وحمل کا تعمیرہونے والا سب سے بڑاہوائی اڈہ اورصوبائی صدرمقام چھنگ ڈو میں دوسرا بین الاقوامی ہوائی اڈہ ہے۔

پہلے مرحلے میں75ارب یوآن(تقریباً11.7ارب امریکی ڈالرز)سے زائد سرمایہ کاری کی گئی،ہوائی اڈے کے 2 ٹرمینلز ہیں جن کا کل رقبہ 7لاکھ10ہزار مربع میٹرز ہے جو کہ تقریباً100فٹ بال میدانوں کے برابر ہے اوریہ سالانہ 6کروڑ مسافروں کی آمدورفت سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتاہے۔

طویل المدتی منصوبوں کے مطابق ہوائی اڈے پر آخر کار14لاکھ مربع میٹرز پرمشتمل ٹرمینلز ہوں گے جن میں سالانہ 12کروڑ مسافروں سے نمٹنے کی صلاحیت ہوگی۔

ہوائی اڈے کے افتتاح سے چھنگ ڈو،  چین کو یورپ،مشرق وسطیٰ،وسطی ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا کے ساتھ ملانے والے ایک بین الاقوامی نقل وحمل کا مربوط مرکز بننے میں مدد کرے گا۔