Official Web

دوسرا ٹی ٹونٹی:انگلینڈ نے پاکستانی ٹیم کو 45 رنزسے شکست دیدی،سیریزبرابر

لیڈز:  پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں شاہینوں نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔ انگلینڈ نے انیس اعشاریہ پانچ اوورز میں 200 رنز بنائے تھے۔

201 کے ہدف کے تعاقب میں کپتان بابر اعظم سمیت کوئی بھی پاکستانی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔ پہلے میچ میں شاندار بیٹنگ کرنے والے پاکستانی بیٹسمین انگلش باؤلرز کے آگے ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے 37، کپتان بابر اعظم نے 22، صہیب مقصود نے 15، محمد حفیظ 10، اعظم خان 1، عماد وسیم 20، شاہین شاہ آفریدی 2 جبکہ حارث رؤف بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ شاداب خان نے 36 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

یوں پاکستان کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 155 رنز بنا سکی۔ انگلینڈ کی جانب سے ثاقب محمود نے 3، عادل راشد اور معین علی نے دو، دو جبکہ ٹام کرن اور میٹ پارکنسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل انگلینڈ کی جانب سے جیسن روئے اور جوز بٹلر نے اننگز کا آغاز کیا لیکن جیسن روئے جلد ہی اپنی وکٹ گنوا کر واپس لوٹ گئے انہوں نے صرف 10 رنز بنائے۔

اس کے بعد ڈیوڈ میلان بھی صرف ایک رن بنا کر چلتے بنے۔ معین علی نے کچھ ہمت دکھائی اور پاکستانی گیند بازوں کا مقابلہ لیکن 36 رنز بنا کر وہ بھی کیچ دے بیٹھے۔

چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان جوز بٹلر تھے جنہوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 59 رنز بنائے۔ پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جونی بیئرسٹو تھے جو صرف 13 رنز بنا سکے۔ دیگر بلے بازوں میں ٹام کرن 9، کرس جورڈن 14، عادل راشد نے دو رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد حسنین کامیاب گیند باز رہے جنہوں نے اکیاون رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ دیگر باؤلرز میں حارث رؤف اور عماد وسیم نے دو دو جبکہ شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ پاکستان نے تین میچز کی سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میں انگلینڈ کو 31 رنز سے شکست دی تھی۔