Official Web

پاکستان کشمیری اور فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ متحد کھڑا ہے:ڈاکٹرمعید یوسف

اسلام آباد:  وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ پاکستان کشمیری اور فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ متحد کھڑا ہے۔ پاکستان افغانستان کا بڑا بھائی ہے، ہم وہاں مکمل امن چاہتے ہیں۔ افغان امن مذاکرات کیلئے پاکستان نے بہت محنت کی ، آئندہ بھی اپنا کردار ادا کرتا رہے گا ۔

تفصیل کے مطابق مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے یہ بات گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کیساتھ لاہور میں ملاقات کے موقع پر کہی۔

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کیساتھ ملاقات میں سفارتی وحکومتی معاملات، مسئلہ کشمیر، مسئلہ فلسطین اور امریکی عہدیداروں سے ہونے والی ملاقاتوں سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی۔

چودھری سرور اور معید یوسف نے امن کیلئے مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا حل لازم قرار دیا۔ دوران ملاقات گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خا ن نے اقتدار میں آنے کے بعد اپنی ٹیم کے ہمراہ دنیا میں سفارتی محاذ پر بھرپور کامیابی حاصل کی ہے اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ عمران خان صرف کشمیریوں کے ہی نہیں بلکہ فلسطینی عوام کے سفیربن کر ان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ایک بار پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرکے مظلوم فلسطینیوں پر بمباری کرکے بدترین دہشت گردی کی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ا قوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو چاہیے کہ وہ مظلوم فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لیں اور ان مظالم کو فوری طور پر بند کروایا جائے۔

چودھری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان امن اور بھارت دہشت گردی اور انتہا پسندی کے ساتھ ہے۔ دہشتگردی کے خاتمے اور امن کیلئے پاکستان کی قربانیاں دنیا میں مثال ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں پر بدترین مظالم کر رہا ہے اور اقلیتوں کے ساتھ بھی ان کے مظالم شرمناک ہیں۔ گورنر پنجاب نے مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف کو اپنے دورہ امریکہ کے حوالے سے بتایا کہ وہاں 100 سے زائد امر یکی عہدیداروں سے کامیاب ملاقاتیں ہوئیں جن میں مسئلہ کشمیر ومسئلہ فلسطین، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور افغان امن عمل کے لیے پاکستان کے کردار کو بھی امر یکی عہدیداروں نے سراہا ہے۔