Official Web

انسٹاگرام پر غیر مہذب پیغامات کی روک تھام کیلئے فیچر متعارف کرانے کا اعلان

فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام نے ایک ایسا فیچر متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے جو صارفین کے غیر مہذب پیغامات کو خود کار طریقے سے فلٹر کردے گا۔

مشہور اور عوامی شخصیات کی جانب سے سائبر سکیورٹی سے متعلق باقاعدہ رد عمل سامنے آنے کے بعد انسٹاگرام نےحالیہ فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ نیا ٹول صارفین کو خود کار طریقے سے غیر مہذب پیغامات، جملوں اور ایموجیز کو فلٹر کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔

اس فیچر کو درحقیقت مشہور اور عوامی شخصیات کے لیے متعارف کروایا جائے گا جو بڑے پیمانے پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ناپسندیدہ پیغامات وصول کرتے ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس فیچر کے ذریعے انتظامیہ انسٹاگرام پر بھیجے جانے والے  نفرت انگیز جملوں اور پیغامات سے نمٹ سکے گی۔

 

اعلان میں مزید کہا گیا ہے کمپنی آئندہ ہفتوں میں متعدد ممالک میں اس فیچر کو متعارف کروائے گی تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ یہ فیچر کن ممالک میں متعارف کروایاجائے گا البتہ کمپنی اس فیچر کی دیگر ممالک میں توسیع کا ارادہ رکھتی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل رواں برس فروری میں کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ وہ غیر مہذب پیغامات بھیجنے والے صارفین کے اکاؤنٹس غیر فعال کرنا شروع کرے گی۔