Official Web

بنگلادیش کو شکست، نیوزی لینڈ کا سیریز میں کلین سویپ

ویلنگٹن: ڈیون کانوے اور ڈیرل مچل کی شاندار سنچریوں کی بدولت نیوزی لینڈ نے بنگلا دیش کو تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں 164 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں کلین سویپ کر دیا۔

جمعہ کو بیسن ریزرو، ویلنگٹن میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، نیوزی لینڈ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ڈیون کانوے اور ڈیرل مچل کی شاندار سنچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 318 رنز بنا کر مہمان ٹیم کو میچ میں کامیابی کیلئے 319 رنز کا مشکل ہدف دیا۔ روبل حسین نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں بنگلا دیشی ٹیم نیوزی لینڈ کی مضبوط باؤلنگ لائن کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 42.4 اوورز میں 154 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ محموداللہ نے 76 رنز بنائے، ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز کیوی باؤلرز کا ڈٹ کر سامنا کرنے میں ناکام رہا۔ جیمز نیشام نے پانچ اور میٹ ہنری نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، ڈیون کانوے میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔