Official Web

کنگنا رناؤت نے سیاست میں انٹری سے متعلق خاموشی توڑ دی

ممبئی: اداکارہ کنگنا رناوت کا کہنا ہے کہ قومیت اور کسانوں کے مسائل پر بات کرنے کا یہ مطلب نہیں کہ میں سیاست میں آنا چاہتی ہوں۔

بھارت کی متنازع اداکارہ کنگنا رناوت اپنے بیانات کی وجہ سے میڈیا کی زینت بنی رہتی ہیں لیکن آج کل وہ اپنی سیاست سے متعلق فلم ’’تھلائی وی‘‘ کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں جس میں وہ تامل ناڈو کی سابقہ وزیراعلیٰ جیہ للیتا کا کردار ادا کررہی ہیں جنہوں نے 6 مرتبہ وزیراعلیٰ کا منصب سنبھالا۔

اداکارہ نے گزشتہ روز اپنی 34ویں سالگرہ کے موقع پر سیاست پر مبنی فلم ’’تھلائی وی‘‘ کا ٹریلر جاری کیا جسے مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے اور خاص طور مداح کنگنا کی جاندار اداکاری کی تعریف کررہے ہیں۔

ایک انٹریو کے دوران کنگنا رناؤت نے کہا کہ میں سیاست سے واقف نہیں ہوں اور یہ لفظ میرے لیے نامعلوم ہے لیکن میں قومیت، اپنے ملک اور جو قوانین میرے حقوق متاثر کرتے ہیں، ان کے بارے میں بات کرتی ہوں تو مجھے کہا جاتا ہے تم سیاست میں آنا چاہتی ہو، حالانکہ ایسا ہرگز نہیں ہے۔

اداکارہ نے مزید کہا میں جب بھی کسانوں سے متعلق یا کسی اور مسئلے پر بات کرتی ہوں تو پتہ نہیں لوگوں کو کیوں تکلیف ہوتی ہے جب کہ میں تو بطور شہری ان تمام باتوں پر اپنا ردعمل دیتی ہوں اور میرے ان مسائل پر بات کرنے کا یہ مطلب نہیں کہ میرا سیاست سے کوئی تعلق ہے، میرا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز بھارت کی 67ویں قومی ایوارڈز کی تقریب میں کنگنا رناؤت کو بہترین اداکارہ کے لیے قومی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔