Official Web

سینیٹ الیکشن یوسف رضا گیلانی نے حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کو اپ سیٹ شکست دیدی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی جنرل نشست پر حکومت کو بڑا دھچکا،پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے 5ووٹوں کی برتر ی سے حکومتی اتحاد کے امیدوار حفیظ شیخ کو شکست دیدی ، سابق وزیراعظم کو 169، حفیظ شیخ کو 164ووٹ ملی،7ووٹ مسترد ہوگئے جبکہ خواتین کی نشست پر حکومتی امیدوار فوزیہ ارشد 174 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرارپائی ہیں ، پی ڈی ایم کی امیدوار فرزانہ کوثر نے 161 ووٹ لیے – 5 ووٹ مسترد ہوئے – تفصیلات کے مطابق بدھ کو سینیٹ کی 37 نشستوں پر الیکشن ہوا جس کے لیے پولنگ کا عمل صبح 9 بجے شروع ہوا، پولنگ کا عمل 5 بجے تک جاری رہا – سینیٹ انتخابات کے لیے قومی اور تین صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ ہوئی – پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے جاری رہا – قومی اسمبلی کے 341 اراکین میں سے 340 نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا جب کہ جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدلااکبر چترالی نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا – این اے 75 ڈسکہ سے کوئی ممبر قومی اسمبلی میں نہیں ہے کیونکہ یہاں پر الیکشن کمیشن نے دوبارہ انتخابات کااعلان کر رکھا ہے – اسلام آباد کی 2، سندھ کی 11، خیبرپختونخوا کی 12 اور بلوچستان کی 12 نشستوں پر پولنگ ہوئی – وفاقی حکومت نے سینیٹ انتخابات میں یوسف رضا گیلانی کی جیت کو چیلنج کرنے کا اعلان کردیا – ہارس ٹریڈنگ کا الزام بھی لگادیا، دوبارہ گنتی میں بھی حکومتی امیدوار ہار گیا – سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ غیر حتمی طور پر 7 ووٹ مسترد ہوئے ہیں ، پانچ ووٹ کا فرق ہے ، ابھی اس نتیجہ کو چیلنج کریں گے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے اپنے موقف میں کہا کہ اسلام آباد کی نشست پر بڑے پیمانے پر ہارس ٹریڈنگ ہوئی جس کے سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں ، تمام معاملات کی تحقیقات ہونی چاہیئے کیوں کہ خواتین کی نشست سے پی ٹی آئی کی فوزیہ ارشد جیت گئی ہیں – یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے5 ووٹوں سے حفیظ شیخ کو شکست دی، یوسف رضا گیلانی کو 169 اور تحریک انصاف کے حفیظ شیخ کو164 ملی، الیکشن میں 6 ووٹ مسترد ہوگئے ہیں