Official Web

پی سی بی سے ناراض کرکٹرز کی فہرست طویل

لاہور(سپورٹس ڈیسک): پی سی بی سے ناراض کرکٹرز کی فہرست طویل ہونے لگی جب کہ محمد سمیع کا کہنا ہے کہ شاید کچھ لوگوں کو میری شکل پسند نہیں۔فاسٹ بولر محمد سمیع نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں 2 بار 100میل کی رفتار سے بال کرائی لیکن نہیں مانی گئی، دوسروں کیلیے مشین ٹھیک تھی مگر میری باری پر کہا گیا کہ خراب ہے۔فاسٹ بولر نے پی سی بی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میری تیز ترین گیند کو اس لیے تسلیم نہیں کیا گیا کہ شاید کچھ لوگوں کو میری شکل پسند نہیں، اس لیے میرے خلاف سازش کی گئی، سڈنی ٹیسٹ کے 4اوورز میں 3آوٹ کیے تو مجھے بولنگ سے ہٹا دیا گیا، سری لنکا میں کم بیک ہوا تو 70واں اوور دینے کے بعد ہٹا دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ میرے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، فکسنگ تک میں شامل قرار دینے کی کوشش ہوئی، میں تمام انکوائریز میں کلیئر اورکرکٹ سیٹ اپ میں شامل ہونا چاہتا ہوں،مبینہ ناانصافی پر انھوں نے وزیر اعظم عمران خان اور کرکٹ کمیٹی سے مدد کی اپیل بھی کردی۔دوسری جانب وکٹ کیپرکامران اکمل نے کہا کہ پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کیلیے اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے پر دھچکا لگا اور مایوسی ہوئی، بطور سینئر پلیئر میرے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا گیا،پی سی بی اور ہائی پرفارمنس سینٹر کے سربراہ ندیم خان سے درخواست کرتا ہوں کہ معاملے کا جائزہ لیں،کرکٹ میرا جنون اور میں مزید کھیلنا چاہتا ہوں، باقی اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل سمیع اسلم بھی سسٹم سے دلبرداشتہ ہوکر امریکا منتقل ہوچکے، محمد عامر نے بھی موجودہ مینجمنٹ کے تحت پاکستان میں کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔