کمپالا: ایفرو ٹی ٹونٹی لیگ کے منتظمین نے ایونٹ سے پہلے 50 فیصد ادائیگی کا وعدہ پورا نہ کیا اور 2 میچوں کے بعد ہی بھاگ گئے۔
ایفرو ٹی ٹوئنٹی لیگ 17 دسمبر سے یکم جنوری تک یوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا میں شیڈول تھی تاہم پاکستانی کرکٹرز نے معاہدے کے مطابق 50 فیصد پیشگی ادائیگی نہ کیے جانے پر کھیلنے سے انکار کر دیا جب کہ یوگنڈا کرکٹ بورڈ نے پلیئرز کا ساتھ دیا اور وعدہ خلافی پر گراؤنڈ دینے سے انکار کردیا۔ایونٹ کے منتظمین میں بھارتی شہری پریسانتھ اور بھارتی نژاد آسٹریلوی اویناش شامل ہیں، منتظمین کھلاڑیوں کو پیسوں کی ادائیگی کیے بغیر ہی بھاگ کھڑے ہوئے جس کے بعد ایونٹ ختم کردیا گیا۔
سعید اجمل نے کمپالا سے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے ایونٹ ختم کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پلیئرز نے 2،2 میچ کھیل لیے تھے لیکن انتظامیہ نے ایونٹ سے پہلے 50 فیصد ادائیگی کا وعدہ پورا نہ کیا، پلیئرز کو پاکستان واپسی میں کوئی مسائل نہیں ہیں اور تمام کھلاڑی جلد پاکستان پہنچ جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سوچے سمجھے بغیر ایونٹ میں شرکت کے لیے کھلاڑیوں کو این او سی جاری کیے، ایونٹ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں میں سعید اجمل، شاہد یوسف، یاسر حمید، مختار احمد، عمران خان، رضا حسن، ہمایوں فرحت، شکیل اصغر اور متعدد نوجوان کرکٹرز شامل ہیں جب کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر عامر سہیل کمنٹیٹر کے طور پر یوگنڈا گئے تھے۔