Official Web

چائنا میڈیا گروپ کے جنرل ڈائریکٹر کی مغربی میڈیا سے چین کے بارے میں تعصبات اور غلط فہمیوں کو دورکرنے کی اپیل

یکم جنوری کو نئے سال کے موقع پر اپنی سالانہ تقریر میں ، چائنا میڈیا گروپ کے ڈائریکٹر جنرل شین ہائی شونگ نے ایک بار پھر چند مغربی میڈیا سے مطالبہ کیا کہ وہ چین سے متعلق رپورٹنگ میں تعصبات اور غلط فہمیوں کو درست کریں ، ذمہ دارمیڈیا کا کردار سنبھالیں اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت کو بہتر بنائیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اختلاف رائے ہوسکتا ہے ، لیکن سچائی اور حقیقت تبدیل نہیں ہوتی ۔ انہوں نے کہا کہ نئے سال میں ، عالمی رائے عامہ کے میدان میں افواہیں اور جھوٹ کم سے کم ہونے چاہئیں۔
اپنی تقریر میں ، شین ہائی شونگ نے گزشتہ برس چائنا میڈیا گروپ اور بہت سے بین الاقوامی مین اسٹریم میڈیا کے درمیان معلومات کے تبادلے ، خاص طور پر کووڈ-۱۹کی وبا کی کوریج میں انفارمیشن کے تبادلہ پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے نشاندہی کی: "میں ہمیشہ یقین کرتا ہوں کہ سچائی میڈیا کی روح ہے۔ قابل اعتماد خبریں اور مستند معلومات میڈیا کی ذمہ داری اور معیار کی عکاسی کرتی ہیں۔ افسوس ہے کہ چین سے متعلق کچھ مغربی میڈیا رپورٹس میں ، تعصب نے انصاف کی جگہ لی اور افواہوں نے حقائق کو مسخ کردیا۔ چاہے انسداد وبا کی کوریج میں ہو یا ہانگ کانگ ، سنکیانگ ، وغیرہ پر رپورٹنگ ، ایسی غلطیاں اور حتیٰ کہ جھوٹ بھی سامنے آچکے ہیں۔”
شین ہائی شونگ نے کہا کہ افواہوں کے جواب میں ، چائنا میڈیا گروپ نے بروقت جواب دیا اور حقیقت کا انکشاف کیا۔ انہوں نے یورپی محاورے "انصاف والے کے زیادہ دوست ہوتے ہیں” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نئے سال میں ، چائنا میڈیا گروپ بین الاقوامی میڈیا کی ذمہ داریاں نبھاتا رہے گا ، حقیقت پر مبنی منصفانہ مؤقف کو برقرار رکھے گا ، اور دنیا میں سچائی اور انصاف پھیلائے گا، تہذیب کی آواز بلند کرتا رہےگا۔
چائنا میڈیا گروپ چین کا سب سے بڑا میڈیا ادارہ ہے ۔اس کے تحت بہت سے میڈیا ادارےجیسے چائنا سنٹرل ٹیلی ویژن ، سی جی ٹی این ، چائنا نیشنل ریڈیو ، اور چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کام کر رہے ہیں۔