Official Web

خیبرپختونخواکے شہروں کی ترقی کے حوالے سے اجلاس منعقد

پشاور (بیورو رپورٹ)خیبرپختونخواکے شہروں کی ترقی وتعمیر نو کے حوالے سے جاری محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا کی زیر نگرانی پر وگرام kpcipکے تحت خیبرپختونخوااسمبلی میں ایبٹ آباد کی ترقی وتعمیر کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جو اکتوبر 2020میں منعقدہ اجلاس کا ایک تسلسل ہے – اجلاس کارروائی کی صدارت سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کی جبکہ دیگر شرکاءمیں وزیر بلدیات اکبر ایوب خان،ایم پی اے ارشد ایوب خان،شکیل احمد سیکرٹری بلدیات،واصف شنواری پراجیکٹ ڈائریکٹر kpcipنورقاسم چیف ایگزیکٹیوواٹر اینڈ سنیٹیشن کمپنی ایبٹ آباد ایڈیشنل کمشنر ہزارہ اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئر نگ کے افسران شریک ہوئے – اجلاس کے شرکاءنے سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق غنی کو ایبٹ آبادمیں kpcipکے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی – اجلاس کو بتایا گیا کہ اس پراجیکٹ کی تکمیل سے ایبٹ آباد ضلع کے بہت سارے علاقوں بشمول میر پور،شیخ البانڈی،کاکول،ملک پور ہ،نواں شہر ویگر علاقوں کو شہری سہولتیں میسر ہوں گی – 21کروڑ کی لاگت سے پانی کے منصوبے جیکا گریوٹی سکیم کے حوالے سے بتایا گیا کہ 13کے قریب پانی کے نئے ریزر وائر بنائے جارہے ہیں جوکہ آئندہ بیس سالوں تک پانی کو ذخیرہ کرنے کی صلاحیت رکھے گا – سپیکرمشتاق غنی نے پراجیکٹ کو ہدایات دی کہ پانی کی فراہمی کی اس سکیم میں کاکول،میر پور،اور اوپر کی بانڈہ جا ت کو بھی شامل کیا جائے – ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ذریعے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا دائرہ کار130کلومیٹر سے بڑھا کر 190کلومیٹرتک کیا جارہا ہے جوکہ قریب 6.85ملین گیلن پانی فراہم کرے گا – شہر بھر کے کوڑے کو ٹھکانے لگانے کیلئے سالڈ ویسٹ منیجمنٹ Solid waste managmentپراجیکٹ کے تحت جگہ کا تعین ہو چکا ہے اور اس پر تیزی سے کا م جاری ہے – سپیکرمشتاق غنی کو بتایا گیا کہ 50ملین روپے کی لاگت سے ایک جدیدسالڈ ویسٹ منیجمنٹ سسٹم کے قیام سے نہ صرف کوڑے کو ٹھکانے لگانے میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ بائیوڈائیجسٹیو پلانٹ کی تنصیب سے اس کوڑے کو قابل استعمال کھاد میں بدلاجائے گا جس سے ماحول کو نقصان دہ گیس سے بچایا جاسکے گا – سپیکر مشتاق غنی نے پراجیکٹ کو سستا بازار کے قیام کیلئے جگہ مختص کرنے اور شہر بھرکی ریڑھیوں کا وہاں شفٹ کرنے پر زور دیا – اس سے نہ صرف عوام کو ایک جگہ سستی اشیاءمیسر ہوں گی بلکہ شہر بھر میں ٹریفک کی روانی بھی بہتر ہو جائے گی – سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی مشتاق احمد غنی کو بتایا گیاکہ شہر کی سڑکوں کو کشادہ بنانی،بجلی کی تاروں کو فورکور کیبل کے ذریعے چھپانے اور اندرون شہر لائٹوں کی تنصیب وجگہ جگہ کوڑے دان رکھنے کا کام بھی عنقریب شروع ہوجائے گا – شیر وان پارک کی تعمیر وتزئین وآرائش پر کام جاری ہے اور اس سے ملحقہ سڑک بھی جلد مکمل کرلی جائے گی – سپیکر مشتاق غنی نے اس موقع پر بتایا کہ 9جنوری 2021بروزہفتہ کو وہ خودبمعہ وزیر بلدیات اکبرایوب خان،وزیر سی اینڈڈبلیوریاض خان،سیکرٹری بلدیات،ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ ان تمام پراجیکٹ ایریازکادورہ کریں گے اور کام کی رفتار کو خود سے دیکھیں گے