Official Web

سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی مشتاق احمد غنی کا ڈی ایچ کیوایبٹ آباد کی اپ گریڈیشن پر کام تیز کرنے کی ہدایت

پشاور (بیورو رپورٹ)سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی مشتاق احمد غنی کی زیر صدارت ڈی ایچ کیوایبٹ آباد کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے اجلاس منعقدہوا – اجلاس میں محکمہ صحت کی جانب سے سپیشل سیکرٹری صحت فاروق جمیل،سپیشل سیکرٹری صحت عامر آفاق،ایم ایس،ڈی ایچ کیوایبٹ آباد،چیف پلیننگ آفیسر صحت نے شرکت کی – سپیکرصوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی کو بتایا گیا کہ ڈی ایچ کیوابیٹ آباد کی اپ گریڈیشن کی سمری آج وزیراعلیٰ کو بھیج دی جائے گی – سپیکر نے ہسپتال کی کیٹیگری اے میں اپ گریڈیشن پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی – ان کو محکمہ صحت کی جانب سے بتایا گیا کہ ڈی ایچ کیوایبٹ آباد میں روز انہ کی بنیاد پر قریب تین ہزار مریض علاج معالجے کی غرض سے آتے ہیں – جن کے لئے سہولیات ناکافی ہیں – کٹیگری اے میں اپ گریڈیشن سے نہ صرف ہسپتال میں جدیدآلات کی تنصیب ہو جائے گی بلکہ ہسپتال کے مختلف شعبوں میں مزید ڈاکٹر،سپیشلسٹ ودیگر سٹاف کی بھرتی بھی عنقریب ہونے والی ہی،ہسپتال کی اپ گریڈیشن ہوجانے سے ہسپتال ہذا میں مریضوں کی موجودہ تعداد سے دوگنی تعداد کو صحت کی بہترین سہولیات میسرہوں گی – سپیکر کو بتایا گیا کہ ہسپتال میں پرانے ایڈمن بلاک وچنددیگر مقامات کی نشاندہی مکمل ہو چکی ہے جن کو گرایاجائے گا اور ان کی جگہ نئی عمارت کھڑی کی جائے گی – سپیکر صوبائی اسمبلی نے موجودہ وارڈز کی حالت زار مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایات جاری کی – سپیکر مشتاق غنی نے وومن اینڈچلڈرن ہسپتال کو بھی جدید سہولتوں سے آراستہ کرنے اور خواتین وبچوں کیلئے صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی – اس موقع پر سپیکر مشتا ق غنی نے بتایا کہ بہت جلد وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوایبٹ آباد کا دورہ کریں گے اور ڈی ایچ کیوایبٹ آباد کا بھی دورہ کریں گے – اس لئے محکمہ صحت ہسپتال کی اپ گریڈیشن نئے بلاکس کی تعمیر،وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال کی حالت زار بہتر بنانے پر توجہ دیں اور وزیر اعلی ٰ کے دورے سے پہلے کام کی رفتار پر تیزی دکھائیں –