Official Web

سینیٹ نے انسداد دہشتگردی ترمیمی بل2020 مسترد کردیا

اسلام آباد: سینیٹ نے قومی اسمبلی سے منظور ہونے والا انسداد دہشتگردی2020 کا ترمیمی بل مسترد کردیا۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی سے منظور ہونے والے انسداد دہشت گردی کے تیسرے ترمیمی بل پر آج سینیٹ میں رائے شماری ہوئی۔ بل کے حق میں 31 اور مخالفت میں 34 ووٹ ڈالے گئے۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی سے منظور ہونے والے انسداد دہشتگردی ترمیمی بل 2020 میں تفتیشی طریقہ کار میں نئی تکنیک استعمال کرنے کی شق شامل کی گئی تھی۔ جس کے تحت تفتیشی افسر عدالت کی اجازت سے 60 دن میں بعض تکنیک استعمال کرکے دہشت گردی میں رقوم کی فراہمی کا سراغ لگائے گا۔

انسداد دہشتگردی ترمیمی بل کے تحت ان تکنیک میں خفیہ آپریشنز، مواصلات کا سراغ لگانا ، کمپیوٹر سسٹم کا جائزہ لینا شامل ہے جب کہ عدالت کو تحریری درخواست دے کر مزید 60 دن کی توسیع حاصل کی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب ضمنی ایجنڈے کے طور پر بل لانے پر اپوزیشن ارکان نے بھرپور احتجاج کیا تھا۔