Official Web

ایون فیلڈ کیس؛ نیب نے نوازشریف کی ضمانت کے خلاف درخواست دائر کردی

اسلام آباد: ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کی ضمانت کے خلاف نیب نے اسلام  آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔ 

ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے لیے ایک اور مشکل تیار ہوگئی ہےاور نیب نے نواز شریف کی ضمانت منسوخی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے، ضمانت منسوخی کی درخواست نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے دائر کی۔

نیب کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ اور عدالت سے مفرور ہیں،ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی ضمانت منسوخ کرکے ان کی گرفتاری کی اجازت دی جائے، اور سیکرٹری داخلہ اور خارجہ کو قانون کے مطابق ذمہ داریاں ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 2018ء میں ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی ضمانت منظور کی تھی اور عدالت نے نوازشریف کی سزا معطل کی تھی، جب کہ سپریم کورٹ نے بھی نواز شریف کی سزا معطلی کا ہائی کورٹ والا فیصلہ ہی برقرار رکھا تھا، تاہم نواز شریف نے سزا معطلی اور ضمانت کی رعایت کا غلط استعمال کیا۔

نیب نے کہا ہے کہ بیرون ملک چلے جانے کے بعد نواز شریف اس رعایت کے مستحق نہیں رہے، نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا معطلی اور ضمانت ختم کی جائے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 2018ء میں ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا معطل کر کے ضمانت منظور کی تھی۔