Official Web

لاہور: ٹیکسالی میں چھت گرنے سے میاں بیوی اور 3 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق

لاہور:  اندرون شہر ٹیکسالی گیٹ میں ہمسایوں کی دیوار چھت پر آ گری، مکان زمین بوس ہونے پر میاں بیوی اور تین بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق، چار زخمی ہوئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے کر کمشنر لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔

ٹیکسالی گیٹ کے علاقے میں ہمسایوں کی بوسیدہ دیوار مکان پر گر گئی۔ مکان زمین بوس ہونے پر ایک ہی خاندان ملبے تلے دب گیا۔ میاں بیوی، 3 بچے اور گھر مہمان آئی خاتون جاں بحق، 4افراد زخمی ہوئے۔ ریسکیو 1122 نے 3 گھنٹے کے آپریشن کے بعد ملبے تلے دبے افراد کو باہر نکالا۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 60 سالہ جاوید، 45 سالہ روبینہ، 16 سالہ آمنہ، 6 سالہ ضیغم، 4 سالہ حسن اور 2 سالہ شجاعت کے نام سے ہوئی۔ 4 زخمی افراد کو میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

لواحقین اور عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ ہمسایوں کے مکان کی بوسیدہ دیوار گرنے سے حادثہ پیش آیا، کوئی سرکاری عہدیدار یا سیاستدان موقع پر نہ پہنچا۔ حکومت اندرون شہر میں بوسیدہ مکان گرا کر نئے گھر تعمیر کروائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مکان گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کمشنر لاہور ڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی۔