Official Web

دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہو گئی، جھنگ میں 30 سے زائد دیہات زیر آب

جھنگ: دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہو گئی، جھنگ میں تیس سے زائد دیہات زیر آب آ گئے، متاثرہ علاقوں میں مکینوں کی اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر منتقلی جاری ہے۔

جھنگ میں دریائے چناب کے قریب آبادی زیرآب آنے سے لوگ مشکلات کا شکار ہیں، ان کا کہنا ہے کہ بروقت سیلابی ریلے کی اطلاع نہیں دی گئی۔ متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض سے بچنے کیلئے محکمہ صحت کی طرف سے تاحال کوئی فلڈ ریلیف کیمپ بھی نہیں لگایا گیا۔

دوسری جانب چنیوٹ کے قریب دریائے چناب میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں 2 لاکھ بیس ہزار کیوسک پانی کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے، فلڈ کنٹرول روم کے مطابق سیلاب سے 70 سے زائد دیہات زیرآب آ گئے جبکہ سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں جن میں کماد، مکئی، مونجی اور اربی کی فصلیں شامل ہیں۔

ریسکیو ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے امدادی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں، لوگ مال مویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقل کئے جا رہے ہیں۔