Official Web

کراچی میں طوفانی بارش کے بعد نظام زندگی مفلوج، علاقہ مکین پریشان

کراچی:  کراچی میں طوفانی بارش کے بعد نظام زندگی مفلوج ہوگیا، 2 دن سے شدید بارشوں کے باعث ملیر ندی میں کئی مقامات پر بند میں شگاف پڑ گئے، دادا بھائی ٹاؤن اور سکھن ندی کا بند ٹوٹنے سے پانی علاقے اور گھروں میں داخل ہوگیا، کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔

بلوچ کالونی، شاہراہ فیصل، نرسری، پی ای سی ایچ ایس، فیروز آباد، محمود آباد، کینٹ سٹیشن، قیوم آباد، ڈیفنس، گلشن اقبال، لیاقت آباد، ناظم آباد میں بھی بارش ہوئی۔ کورنگی کازوے ندی میں 6 افراد پھنس گئے۔ ایدھی رضا کاروں نے تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا، پھنسے افراد میں پولیس اہلکار بھی شامل تھا۔

سکھن ندی کے بند ٹوٹ گئے، پانی عرفات ٹاؤن، مدینہ کالونی، خلد آباد، مرغی خانہ اور نیشنل ہائی وے تک پہنچ گیا جبکہ کئی گھروں میں بھی پانی داخل ہوگیا، حفاظتی اقدامات کے تحت نیشنل ہائی وے کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔ نیشنل ہائی وے کی ٹریفک ملیر کی جانب موڑ دی گئی۔

کراچی میں بلوچ کالونی دادا بھائی میں پانی آبادی میں داخل ہوگیا۔ سعید غنی بھی علاقے میں پہنچے، وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ بند نہیں ٹوٹا، صرف دروازہ ٹوٹا ہے، گیٹ لگا کر پانی کا بہاؤ روک دیا گیا، آبادی سے پانی نکالنے کیلئے مشینری نے کام شروع کر دیا۔

اس سے پہلے وزیر تعلیم سندھ نے کراچی کے مختلف علاقوں کے دورے کئے، یونیورسٹی روڈ، ابو الحسن اصفحانی روڈ، گلستان جوہر کا علاقہ کلئیر ہونے کی وڈیوز پوسٹ کیں، سٹارگیٹ، منور سہروردی انڈر پاس، نرسری، میٹرو پول کی وڈیوز بھی پوسٹ کیں۔

دوسری جانب کراچی میں بارش سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے۔ آرمی انجینئرز کور کی ہیوی مشینری اور پلانٹس ملیر ندی پر پانی کا بہاؤ روکنے کی کوشش میں مصروف ہے جہاں شگافوں کو پر کیا جا رہا ہے اور لوگوں کو کشتیوں کی مدد سے محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کوہی گوٹھ اور درمحمد گوٹھ میں بارش کے باعث 200 سے زائد خاندانوں نے گھر کی چھتوں پر پناہ لی، متاثرین میں کھانے پینے کی اشیا بھی تقسیم کی گئیں۔

ادھر محکمہ موسمیات نے کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ہونیوالی بارش کے اعدادوشمار جاری کر دیئے، جس کے مطابق پی اے ایف فیصل بیس پر سب سے زیادہ 134، گلشن حدید میں 122، صدر میں 88، لانڈھی میں 84 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ پی اے ایف مسرور بیس پر 68، جناح ٹرمینل پر 67 ملی میٹر بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سر جانی ٹاون میں 46، کیماڑی میں 23، سعدی ٹاون میں 71، نارتھ کراچی میں 49، ناظم آباد میں 91 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔