Official Web

کشکول توڑنے کے دعوے کرنے والے کہہ رہے ہیں گھبرانا نہیں ہے، شہبازشریف

 اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ادویات اسکینڈل میں ملوث وزیر پتہ نہیں کہاں ہے، یہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کا شاخسانہ ہے۔ 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا تھا کہ تبدیلی نے لوگوں کی زندگی اجیرن کردی ہے، گزشتہ دو سال میں مہنگائی میں اس قدر اضافہ ہوا کہ عام آدمی کی زندگی تنگ ہوگئی، غریب آدمی کے جو حالات ہیں وہ بتانے کے قابل نہیں، حکومت کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، کشکول توڑنے کے دعوے اور آئی ایم ایف کا مضمون ختم کرنے والے آج کہہ رہے ہیں گھبرانا نہیں ہے، کیا اس طرح لوگوں کے پیٹ بھرجائیں گے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ گندم کا سیزن ختم نہیں ہوا اور ملک سے گندم اسمگل ہوگئی، گندم اور آٹے کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، آج چینی کی قیمت 100 روپے فی کلو سے بھی اوپر چلی گئی ہے، روپے کی قدر 40 فیصد کم ہوئی اور تیزی سے اوپر جاتی معیشت نیچے چلی گئی، کورونا سے پہلے ہی لاکھوں افراد بے روز گار ہوچکے تھے، کاروبار بند ہوگئے ہیں دکاندار رو رہے ہیں،  بجلی کی قیمت بھی کئی گنا ذیادہ بڑھا دیں، غریب کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا اور آج بھی حکومتی ارکان کا طریقہ کار اپوزیشن کا ہی ہے،  یہ آج بھی کنٹینرز پر چڑھے ہوئے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ (ن)لیگ کی قیادت کے خلاف بے پناہ پروپیگنڈا کیا گیا، کون سا ا ین آر او کس نے این آر او مانگا ہے سامنےلائیں، پروپیگنڈا کا مقصد عوامی مسائل سے توجہ ہٹانا ہے، اس حکومت نے سی پیک کا مذاق اڑایا اور اسمبلی کے فلور پر سی پیک کے خلاف الزامات لگائے گئے، حکومت کی اپنی کابینہ میں اشرافیہ کے لوگ بیٹھے ہیں، نیب نیازی گٹھ جوڑ نے پشاور سے کراچی تک کے سرمایہ کاروں کو خوفزدہ کردیا ہے، افسر شاہی کام کرنے کو تیار نہیں، ادویات اسکینڈل میں ملوث وزیر پتہ نہیں کہاں ہے یہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کا شاخسانہ ہے۔