Official Web

سندھ کابینہ نے کیماڑی کو ضلع بنانے کی منظوری دے دی

سندھ کابینہ نے کراچی کے علاقے کیماڑی کو ضلع بنانے کی منظوری دے دی۔

ترجمان وزیراعلی سندھ کے مطابق کیماڑی ضلع، سائٹ، بلدیہ، کیماڑی اور ہاربر سب ڈویژنز پر مشتمل ہو گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے ضلع جنوبی کا نام ضلع کراچی رکھنے کی تجویز دی اور انہوں نے کہا کہ کراچی کے باقی اضلاع کے نام بھی ان کے مشہور علاقوں سے منسوب کیے جانے چاہئیں۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی کا ضلع غربی اس وقت پورے سندھ میں سب سے بڑا ضلع ہے، ضلع غربی کی آبادی 39 لاکھ 14 ہزار 757 ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کچھ وزراء نے خیرپور کو بھی دو اضلاع میں تقسیم کرنے کی تجویز دی ہے جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو اضلاع بڑے ہیں ان میں سے نئے اضلاع بنانے کی تجویز دی جائیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبائی کابینہ نے ٹرسٹ ایکٹ منظور کر لیا ہے اور یہ محکمہ صنعت کو سونپ دیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کابینہ کو اس قانون میں منی لانڈرنگ کو روکنے کے لیے اقدامات کے حوالے آگاہ کیا گیا ہے۔