Official Web

‘ملک میں کورونا بالکل ختم نہیں ہوا، جامع منصوبہ بندی کے مثبت نتائج سامنے آئے

اسلام آباد:  اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس بالکل ختم نہیں ہوا، کیسز میں کمی پر کسی فتح کا اعلان نہیں کر رہے، جامع منصوبہ بندی کے مثبت نتائج سامنے آئے، وبا میں کمی کے ساتھ پابندیاں بھی کم کرتے گئے، اس وقت صرف بیس اضلاع میں سمارٹ لاک ڈاؤن ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی طرف سے سن رہا ہوں کورونا ختم ہوگیا، کورونا وائرس بالکل بھی ختم نہیں ہوا، ملک بھر میں کورونا کیسز میں کمی ہوئی ہے، کورونا کی وجہ سے گزشتہ روز 15 افراد جاں بحق ہوئے، ہمارے لیے 15 اموات بھی زیادہ ہیں، کورونا کیسز میں کمی کیوں ہوئی، اس کی وجہ بہترین حکمت عملی ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کورونا کیسز میں کمی پر فتح کا اعلان نہیں کر رہے، پاکستان میں کورونا سے 78 ہزار اموات کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا، کورونا پر قابو پانے کیلئے اپریل میں جامع حکمت عملی بنائی گئی، ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ 10 اگست تک کورونا کیسز میں اضافہ ہوگا، پاکستان میں 20 اضلاع میں سمارٹ لاک ڈاؤن ابھی بھی ہے، ملک بھر میں کورونا کے 7 ہزار سے زائد ایکٹو کیسز ہیں، کنٹیکٹ ٹریسنگ نظام کے تحت ایک لاکھ افراد کی تشخیص کی گئی۔