Official Web

حب ڈیم میں پانی کی سطح میں ریکارڈ اضافہ، گنجائش صرف 11 فٹ رہ گئی

کوئٹہ: حالیہ بارشوں سے حب ڈیم میں پانی کی سطح میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور ڈیم میں صرف 11 فٹ گنجائش رہ گئی ہے۔
بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سیلابی بہاؤ کم نہ ہوسکا، بولان، سبی، کوہلو، مکران سمیت حب میں سینکڑوں لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی جاری ہے، ریسکیو کے مراحل میں پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ مصروف ہے۔

ایری گیشن حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں سے حب ڈیم میں پانی کی سطح میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور ڈیم میں صرف 11 فٹ گنجائش رہ گئی ہے، حالیہ بارشوں سے حب ڈیم میں پانی کی سطح 328 فٹ تک پہنچ گئی ہے، ڈیم میں سیلابی ریلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، 339 فٹ کے بعد پانی کا اخراج اسپیل وے سے شروع ہوگا۔
دوسری جانب ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ بارشوں کی وجہ کوئٹہ کا زمینی رابطہ دوسروں اضلاع سے منقطع ہونے کی وجہ سے کوئٹہ ٹو سبی شٹل ٹرین کا آغاز کردیا گیا ہے، شٹل ٹرین سروس کوئٹہ ٹو سبی اور سبی سے کوئٹہ کے لئے مسافروں کی سہولت کے لئے شروع کی گئی ہے جب کہ سیلابی صورتحال اور زمینی رابطہ کی بحالی تک شٹل ٹرین سروس جاری رہے گی۔