Official Web

وزیراعظم کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس، چاروں وزرائے اعلیٰ شریک

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس جاری ہے جس میں چاروں وزرائے اعلیٰ سمیت وفاقی وزراء، اٹارنی جنرل اوراعلیٰ حکام بھی شریک ہیں۔

اجلاس میں سال 18-2017 کی مشترکہ مفادات کونسل کی سالانہ جائزہ رپورٹ پیش کی جائے گی اور صوبوں کے درمیان پانی کے مسئلے پر مشترکہ مفادات کونسل کے گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی روشنی میں تجاویز پیش ہوں گی جب کہ 18ویں ترمیم کے بعد ایچ ای سی سے متعلق کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔

وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس میں عوامی فلاح اور صحت سے متعلق فیصلوں پر عملدآمد اور ٹیکس، ایل این جی کی امپورٹ سمیت دیگر امور پر لیے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا جب کہ 23 دسمبر 2019 کو41 ویں اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
بعد ازاں اوگرا آرڈیننس 2002 میں ترمیم کا معاملہ، لوئر پورشن چشمہ کنال کا پنجاب کو کنٹرول دینے کا معاملہ اور معدنیات سے متعلق 1948 کے ایکٹ میں ترمیم کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ کرونا وائرس کے خلاف قومی سطح کی حکمت عملی پر غور ہو گا۔