Official Web

مودی مظفر آباد اور عمران خان سرینگر میں خطاب کریں تو آج ہی ریفرنڈم ہوجائےگا، شاہ محمود

اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی مظفر آباد اور وزیراعظم عمران خان سری نگر میں خطاب کریں تو آج ہی کشمیر کا ریفرنڈم ہوجائےگا۔

5 اگست کو یوم استحصال کے حوالے سے منعقدہ واک کے اختتام پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو
کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے جس نئے سیاسی نقشے کا اجراء کیا ہے وہ واضح کرتا ہے کہ کشمیر ایک حل طلب مسئلہ ہے، کشمیر میں ریفرنڈم کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادیں ہیں جن سے بھارت چاہے بھی تو فرار حاصل نہیں کرسکتا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ آج تمام حکومتی اور اپوزیشن قیادت مسئلہ کشمیر کے حوالے سے یکجا ہے، ہندوستان کو آج پہلا پیغام یہ دینا چاہتا ہوں کہ اگر آپ کے جبر و استبداد اور ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے حوصلے پست ہو گئے ہوتے تو آج بھارت کو کرفیو کا سہارا نہ لینا پڑتا، اگر بھارت نے 5 اگست کے اقدامات کشمیریوں کی بہتری کیلئے اٹھائے ہوتے تو آج پہلی سالگرہ پر وہاں جشن کا سماں ہوتا مٹھائیاں تقسیم ہو رہی ہوتیں، 5 اگست سنگینوں کے سائے میں نہ منایا جاتا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود نے وزیراعظم ہندوستان مودی کیلئے پیغام دیا کہ اگر آپ کو اپنی پالیسیوں پر اعتماد ہے تو میں بطور وزیر خارجہ پاکستان آپ کو دعوت دے رہا ہوں کہ آئیں اور مظفر آباد میں کشمیریوں سے مخاطب ہو جائیں، سب پتہ چل جائے گا کہ آپ کو کس طرح کا استقبال ملتا ہے اور اگر آپ میں حوصلہ ہے اور اپنی پالیسیوں پر اعتبار ہے تو وزیر اعظم عمران خان کو سری نگر جانے دیجیے اور دیکھ لیجیے کہ انہیں کس طرح کا استقبال ملتا ہے، کشمیری عوام کا ریفرنڈم آج ہی ہو جائے گا، اگر ہمت ہے تو یہ چیلنج قبول کرو اور اگر ہمت نہیں ہے تو پھر اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرو۔