Official Web

افغان جیل پر مسلح افراد کے حملے میں 13 افراد ہلاک، 42 زخمی

کابل: افغانستان میں مسلح افراد نے جلال آباد جیل پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور 42 زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق جلال آباد کی پی ڈی-4 جیل کے مرکزی کے دروازے پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرادی جس کے بعد مسلح افراد نے تھانے پر دھاوا بول دیا۔ سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان جھڑپ 13 گھنٹے سے جاری ہے اور اس دوران حملہ آور جیل کے سامنے شاپنگ مال میں مورچہ زن رہے اور کچھ جیل کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

دو طرفہ جھڑپ میں 13 شہری اور 3 حملہ آور ہلاک ہوگئے جب کہ 42 افراد زخمی ہیں۔ جھڑپ کے دوران 700 قیدی فرار ہوگئے تاہم انہیں دوبارہ حراست میں لے لیا گیا۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان جھڑپ تاحال جاری ہے، ایک افغان کمانڈو کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 20 سے زائد ہوسکتی ہے۔ جس جیل پر حملہ کیا گیا وہاں 1500 سے زیادہ قیدی اسیر ہیں۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ کابل حکومت اور افغان طالبان کے درمیان عید کے تین روز جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تھا اور دو دن کسی قسم کی جھڑپ یا عسکری کارروائی نہیں ہوئی تاہم آج عید کے تیسرے روز جیل پر حملہ کیا گیا ہے۔ طالبان نے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔