Official Web

امریکی میڈیا کا صدر ٹرمپ کے خاندان پر انتخابی مہم میں کروڑوں ڈالر خرچ کرنے کا الزام

واشنگٹن: امریکی میڈیا نے صدر ٹرمپ کے خاندان پر انتخابی مہم میں کروڑوں ڈالر خرچ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

سی این بی سی کی رپورٹ کے مطابق فیڈرل الیکشن کمیشن میں صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم میں قانون کی خلاف ورزی کرنے کے الزامات پر مبنی درخواست دائر کی گئی ہے۔ 81 صفحات پر مشتمل درخواست میں صدر کی مہم کی کمیٹی پر 17 کروڑ ڈالر اہم افراد پر خرچ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ کروڑوں ڈالر اضافی خرچ کرنے کے ساتھ ساتھ خاندان کے افراد اور قریبی ساتھیوں کو کمپنیوں کے ذریعے خطیر رقم منتقل کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ درخواست میں جن افراد کو رقم منتقلی کی نشاندہی کی گئی ان میں صدر کی بہولارا ٹرمپ، مقامی ٹی وی چینل کی سابق میزبان اور صدر ٹرمپ کے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کی منگیتر کمبرلی گوئیلفوائل بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب ٹرمپ کی انتخابی مہم کے ترجمان نے دعوی کیا کہ صدر کی مہم الیکشن کمیشن کے تمام قواعد پر پورا اترتی ہے۔