Official Web

بالی وڈ کوریو گرافر سروج خان حرکت قلب بند ہونے کے سبب چل بسیں

لاہور:  بالی وڈ کوریو گرافر سروج خان 71 برس کی عمر میں چل بسیں، انہیں کچھ عرصہ سے سانس کا مرض لاحق تھا تاہم دل کا دورہ ان کی موت کی وجہ بنا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اپنے چالیس سالہ پروفیشنل کیرئیر میں سروج خان نے دو ہزار سے زائد گانوں کی کوریوگرافی کی، انہوں نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز محض تین سال کی عمر میں کیا، شاندار فنی خدمات پر کوریو گرافی کا پہلا ایوارڈ انہی کے حصے میں آیا، صرف یہی نہیں دیگر 8 فلم فئیر ایوارڈ بھی سروج خان کی پروفائل پر ہیں۔

سروج خان گزشتہ ایک ماہ سے سانس کی بیماری کے سبب ہسپتال میں زیر علاج تھیں، ڈاکٹروں نے ان کا کورونا ٹیسٹ بھی کروایا تھا جس کی رپورٹ منفی آئی تھی، جمعہ کی صبح ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی جس کے بعد وہ جہان فانی سے کوچ کر گئیں، ڈاکٹروں نے ان کی موت کی وجہ دل کا دورہ بتایا۔ متعدد بالی وڈ شخصیات نے ان کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔