Official Web

ٹیسٹ کرکٹ کو دلچسپ بنانے کی تیاریاں، میچ 4 روزہ کرنے پر غور

لاہور:  آئی سی سی کے نئے فارمیٹ کے تحت مختلف ممالک کی کرکٹ ٹیمیں آپس میں ٹیسٹ چیمپئن شپ کھیل رہی ہیں، اس وقت یہ ایونٹ پانچ روزہ ہے، تاہم آئی سی سی نے ٹیسٹ کرکٹ کو چار دن کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آئی سی سی نے ٹیسٹ کرکٹ کو دلچسپ بنانے کے لیے 5 دن کے بجائے اسے 4 دن تک محدود کرنے پر غور شروع کردیا جس کا اعلان آئندہ برس متوقع ہے۔

آئی سی سی کے مطابق 2023ء میں کھیلی جانے والی ٹیسٹ چیمپئن میں ٹیسٹ میچ 4 دن کا کھیلا جائے گا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کمیٹی کے مطابق 2023 سے 2031 تک ٹیسٹ میچ چار دن میں اختتام پذیر ہوگا۔

بی سی سی آئی کے مطالبات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی سی سی کی جانب سے یہ فیصلہ متوقع ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں لیگز کرکٹ کھیلے جانے کی وجہ سے ٹیسٹ کرکٹ کی خوبصورتی ختم ہوتی جارہی ہے۔

چار دن پر مشتمل ٹیسٹ میچ 2017 میں انگلینڈ اور آئر لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا تھا، جنوبی افریقہ اور زمبابوے کی ٹیموں نے بھی ایک ٹیسٹ میچ کھیلا تھا جو 4 روز پر مشتمل تھا۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف کیون روبرٹس کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ چار دن کرنے کے فیصلے پر ضرور عملدرآمد ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ گزشتہ ٹیسٹ میچز میں کھیل کا نتیجہ چار دن میں ہی سامنے آیا ہے اور مزید ایک دن کی ضرورت ہی پیش نہیں آئی۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں کامیابی بھی چوتھے روز ہی حاصل کرلی تھی