Official Web

پیرا گون ہاؤسنگ کیس: خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 23 دسمبر تک توسیع

لاہور:  احتساب عدالت نے پیرا گون ہاؤسنگ کیس میں خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 23 دسمبر تک توسیع کر دی۔

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے پیراگون ریفرنس میں خواجہ برادران کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے خواجہ سعد رفیق کو اجلاس کے لیے اسلام آباد جانے کی اجازت دے دی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا عدالت میں کچھ کہنا چاہتا ہوں، اوپن کورٹ میں ٹرائل ہر شخص کا بنیادی حق ہے، ہر کوئی کیس سن سکتا ہے، میرے کیس میں کورٹ رپورٹرز کو کمرہ عدالت میں نہیں آنے دیا جا رہا۔

سعد رفیق کا کہنا تھا میرے کیس میں عوام سے حقائق چھپائے جا رہے ہیں، پولیس ہر پیشی پر وکلا، رپورٹرز اور سائیلین کو کمرہ عدالت میں آنے سے روکتی ہے۔ جس پر عدالت نے کہا وکلا اور رپورٹرز کو عدالت میں آنے سے نہ روکا جائے، جج جواد الحسن نے پولیس سے استفسار کیا اگر آپ سیکیورٹی نہیں کر سکتے تو میں یہاں رینجرز بلا لوں گا۔