Official Web

بھارت سے ویمن سیریز کے لیے پاکستان کا آئی سی سی سے رابطہ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک۔بھارت ویمن سیریز کے معاملہ پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے رابطہ کرلیا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان آئی سی سی چیمپئن شپ کے میچز  جولائی سے اکتوبر کے درمیان کھیلے جانے تھے لیکن بھارتی رویے کی وجہ سے یہ سیریز نہ ہوسکی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے جیو نیوز کو بتایا کہ پی سی بی نے اس معاملہ پر اب آئی سی سی سے رابطہ کرلیا ہے تاکہ سیریز کا کوئی فیصلہ ہوسکے کیوں کہ یہ سیریز آئی سی سی چیمپئن شپ سائیکل کا حصہ ہے جس کی ٹاپ 4 ٹیمیں 2021 ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کریں گی۔

ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیریز ونڈو کے دوران بی سی سی آئی کو متعدد بار لکھا لیکن بھارت کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا اور اب معاملہ آئی سی سی کے سپرد کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سائیکل میں جب بھارت نے پاکستان سے سیریز کھیلنے سے گریز کیا تھا تو آئی سی سی نے اس کے پوائنٹس پاکستان ویمن ٹیم کو دے دیے تھے۔

2017 سے 2020 کے موجودہ چیمپئن شپ سائیکل کا آخری راؤنڈ دسمبر میں شروع ہورہا ہے جس میں پاکستان ٹیم انگلینڈ سے ملائیشیا میں مقابلہ کرے گی۔

بھارتی ٹیم سائیکل کی دیگر تمام سیریز کھیل چکی ہیں جس میں 18 میچز میں اس نے 20 پوائنٹس حاصل کیے جب کہ پاکستان ٹیم کے 15 میچز میں 15 پوائنٹس ہیں۔

اگر بھارت ایک بار پھر پاکستان سے کھیلنے سے انکار کرتا ہے تو وہ ٹاپ 4 ٹیموں سے آوٹ ہوسکتا ہے۔