Official Web

نسیم شاہ آسٹریلیا میں ڈیبیو کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے

قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ آسٹریلوی سرزمین پر ڈیبیو کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔

برسبین کے گابا اسٹیڈیم میں قومی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے نسیم شاہ کو ٹیسٹ کیپ پہنائی۔

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ اپنا پہلا میچ 16 سال 279 دن کی عمر میں کھیل رہے ہیں۔

فوٹو: جیو نیوز
نسیم شاہ سے قبل یہ اعزاز آسٹریلیا کے آئین کریگ کے پاس تھا، انہوں نے 17 سال 239 دن کی عمر میں آسٹریلوی سرزمین پر ڈیبیو کیا تھا۔

اس کے علاوہ نسیم شاہ آسٹریلوی سرزمین پر ٹیسٹ کھیلنے والے بھی سب سے کم عمر کرکٹر بن گئے ہیں۔

نسیم شاہ سے قبل پاکستان کے ہی عاقب جاوید نے 17 سال 160 دن کی عمر میں میلبرن ٹیسٹ کھیلا تھا۔

نسیم شاہ اپنی سترہویں سالگرہ سے قبل ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے ساتویں پاکستانی ہیں۔ ان سے قبل حسن رضا، مشتاق محمد، عاقب جاوید، آفتاب بلوچ، نسیم الغنی اور خالد حسن بھی 17 ویں سالگرہ سے قبل ٹیسٹ ڈیبیو کر چکے ہیں۔