Official Web

حکومت کی توجہ عام آدمی کو ہرممکن ریلیف فراہم کرنے پرمرکوز ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کی توجہ عام آدمی کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا، جس میں وزیرِ اقتصادی امور حماد اظہر، وزیرِ منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، مشیر خزانہ حفیظ شیخ، مشیرتجارت عبدالرزاق داوٴد، معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق، معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، معاون خصوصی یوسف بیگ مرزا، معاون خصوصی ندیم بابر، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سید زبیر گیلانی، چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی، چیئرمین نیا پاکستان ہاوٴسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر ودیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو معاشی صورتحال اور ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ، بڑے صنعتی یونٹس کے لئے مراعات، اسپتالوں کے لئے آلات و مشینری کی ڈیوٹی فری درآمد کے حکومتی فیصلے پر عمل درآمد پربریفنگ دی گئی۔ تیل، گیس اور معدنیات کے شعبے میں وفاق اور صوبائی حکومتوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے، ملک میں چینی کی قیمتوں میں کمی لانے اور پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے ضمن میں کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بھی بتایا گیا۔

معاون خصوصی براے پیٹرولیم ندیم بابر نے وزیرِ اعظم کو بڑے صنعتی یونٹس کو دی جانے والی مراعات کے حوالے سے مختلف اقدامات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور بتایا کہ 15دسمبر تک 12 نئے بلاکس کو ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن کے لئے نیلامی کے لئے پیش کر دیا جائے گا، اس مقصد کے لئے مختلف ممالک میں روڈ شوز و دیگر تشہیری تقریبات منعقد کی گئی ہیں، ان بارہ بلاکس کی نیلامی سے خاطر خواہ سرمایہ کاری متوقع ہے۔

وزیراعظم کو چینی کی قیمتوں اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف حکومتی اقدامات کے حوالے سے بتایا گیا کہ چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کے حوالے سے موثر انتظامی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس ضمن میں ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کو بنیادی اشیا کی فراہمی کے لئے چھ ارب جاری کرنے کے فیصلے سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے میں خاطر خواہ مدد ملے گی، اس وقت ملک میں چینی کے ذخائر اور دستیابی کی صورتحال اطمینان بخش ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اس وقت حکومت کی توجہ عام آدمی کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے، حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں معاشی صورتحال مستحکم ہوئی ہے اور کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہوا ہے، معاشی استحکام کو مزید مستحکم کرنا اور سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔