Official Web

پاکستان اور کیوبا کے درمیان ویزا کی شرط جزوی طور پر ختم، معاہدے پر دستخط

اسلام آباد:  پاکستان اور کیوبا نے ویزا کی شرط کو جزوی طور پر ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دئیے ہیں۔ وزارتِ خارجہ میں ہونیوالی تقریب کیوبن نائب صدر اور وزیر خارجہ بھی موجود تھے۔

کیوبن نائب صدر رابرٹو اوجیدا اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے درمیان ملاقات ہوئی۔ کیوبن نائب صدر وزارتِ خارجہ پہنچے تو وزیر خارجہ نے ان کا استقبال کیا جبکہ بعد ازاں دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کیوبن وفد کو پانچ اگست کے بھارتی فیصلے کے بعد مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ فریقین نے دوا سازی، طب اور بائیو ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔

بعد ازاں پاکستان اور کیوبا کے مابین ویزا شرط کو جزوی طور پر ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ کیوبن نائب صدر اور وزیر خارجہ کی موجودگی میں پاکستان کی طرف سے سیکرٹری داخلہ اعظم سلیمان جبکہ کیوبا کی طرف سے پاکستان میں تعینات سفیر گیبریل کاپوتے نے دستخط کئے۔

معاہدے کی رو سے دونوں ملکوں کے سفارتی، خصوصی یا سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو ایک دوسرے کے ملک میں داخلے کیلئے ویزے کی ضرورت نہیں ہوگی۔