Official Web

اپوزیشن کے مطالبے پر استعفیٰ نہیں دوں گا، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ واضح الفاظ میں کہتا ہوں کہ اپوزیشن کے مطالبے پر میں استعفیٰ نہیں دوں گا۔

ا وزیراعظم عمران خان سے سینر اینکرز نے ملاقات کی، ملاقات کے موقع پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے مولانا فضل الرحمان کے پیچھے بیرونی قوتیں ہیں، ان کا چارٹر آف ڈیمانڈ واضح نہیں پھر بھی ہم آزادی مارچ کی اجازت دیں گے، لیکن میں واضح الفاظ میں کہتا ہوں کہ اپوزیشن کے کہنے پر استعفیٰ نہیں دوں گا۔

پی ٹی آئی اور اپوزیشن کے دھرنے میں فرق
اپوزیشن کے دھرنے کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے دھرنے اور مولانا فضل الرحمان کے مارچ میں بڑا فرق ہے، ہم نے تمام آپشن استعمال کرنے کے بعد سٹرکوں کارخ کیا ، مولانا نے سٹرکوں پر آنے سے پہلے کون سافورم استعمال کیا؟

’اپوزیشن کا ایک ہی مسئلہ‘

وزیر اعظم کا ایک سوال پر کہنا تھا کہ اپوزیشن کا ایک ہی مسئلہ ہے، اور وہ ہے این آر او،گرفتار رہنماؤں کو آج باہر جانے کی اجازت دوں تو زندگی آسان ہو جائے گی.

’آرمی چیف کو کہا ہے فوج کو تیار رکھیں‘

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت پلوامہ جیسا ایک اور ڈرامہ رچاسکتا ہے، اس حوالے سے آرمی چیف کو کہا ہے کہ فوج کو مکمل طور پر تیار رکھیں، بھارت نے کوئی بھی جارحیت کی تو بھرپور جواب دیں گے۔

نوازشریف کی بیماری

نوازشریف کی طبیعت کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کہتےہیں نوازشریف کو کچھ ہوا تو ذمہ دار عمران خان ہوں گے، میں کوئی عدالت یا ڈاکٹر نہیں، نوازشریف کا بیرون ملک علاج کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے، اور اگر مریم نوازنے ملاقات کرنی ہے تو وہ فیصلہ بھی عدالت کرےگی، میں نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہدایت کردی ہے کہ نوازشریف کوبہترین سہولیات فراہم کریں۔