Official Web

پاکستان انڈر نائنٹین کرکٹ ٹیم کا دیوار چین اور بیجنگ اولمپکس سٹیڈیم برڈز نیسٹ کا دورہ

بیجنگ:  چین اور افغانستان کے خلاف یوتھ فرینڈشپ کرکٹ سیریز کھیلنے کے لیے چین میں موجود پاکستان انڈر نائنٹین ٹیم نے پیر کو بیجنگ میں خوب سیر کی۔

پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کو پہلے ایک ساتھ تاریخی دیوار چین کی سیر کرائی گئی۔ دونوں ٹیموں کے کرکٹرز کو دیوار چین کی تاریخ کے بارے میں بتایا گیا۔

دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے تصاویر سیلفیز اور یادگاری گروپ فوٹو بنایا۔ اس کے بعد پاکستان انڈر نائنٹین نے افغان ٹیم کے ہمراہ بیجنگ کے اولمپکس سٹیڈیم برڈز نیسٹ کا بھی دورہ کیا۔

شہرہ آفاق اولمپکس سٹیڈیم کے دورے کے موقع پر کھلاڑیوں نے تصاویر بنوائی اور سٹیڈیم کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ پاکستان افغانستان چین یوتھ فرینڈ شپ سیریز کے پہلے مرحلے میں جنان میں تین میچز کھیلے جا چکے ہیں۔

منگل کو دونوں ٹیموں کو کلچر ایکسچینج پروگرام کے مطابق بیجنگ کے مخلتف مقامات کی سیر کرائی جائے گی۔ بدھ کو آخری مرحلے میں پاکستان اور افغانستان کے کرکٹرز مقامی یونیورسٹی میں چینی کرکٹرز اور طلبہ کے ساتھ میچ کھیلیں گے۔

چین میں کرکٹ کے فروغ کے لیے پشاور زلمی نے دو سال قبل دو چینی کرکٹرز کو پی ایس ایل میں سکواڈ کے ساتھ ٹریننگ کرائی تھی۔ پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کے مشورے پر ہی یوتھ فرینڈ شپ کرکٹ سیریز کا انعقاد کیا گیا ہے جس کا مقصد چین میں کرکٹ کا فروغ اور نوجوان کرکٹرز کو ایک دوسرے کے کلچر کو سمجھنا اور امن کا پیغام ہے۔