وزیراعظم کی زیر صدارت پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کا اجلاس گورنرہاوس میں ہوگا، فوٹو: فائل

 کراچی: وزیراعظم عمران خان  ایک روزہ سرکاری دورے پر کل دوپہر کراچی پہنچیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم کل دوپہر 12 بجے کراچی پہنچنے کے بعد گورنر ہاؤس میں پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس کے بعد جی ڈی اے اور ایم کیوایم ارکان سندھ اسمبلی وزیراعظم سےملاقات کریں گے، اتحادی جماعتوں کےارکان سندھ اسمبلی کےامور پر وزیراعظم کو آگاہ کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت گورنر ہاوس میں سندھ انفراسٹریکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کا اجلاس بھی ہوگا جس میں وفاق کےزیر انتظام کراچی میں جاری منصوبوں پر پیشرفت رپورٹ پیش کی جائےگی جب کہ وزیراعظم کو کراچی پیکج کے تحت تجویز کردہ اسکیمز کےبارے میں بھی آگاہ کیاجائےگا۔

وزیراعظم بلوچستان کے شہر حب بھی جائیں گے جہاں وہ پاور پلانٹ منصوبے کی تقریب میں شرکت کرکے نئے پاور اسٹیشن کا افتتاح کریں گے۔ حب میں چین کے تعاون سے 1320 میگا واٹ کا پاوراسٹیشن بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت کےدرمیان دوریاں برقرار ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سےوزیراعظم کےدورہ کراچی میں وزیراعلی مرادعلی شاہ کو مدعو نہیں کیاگیا اور نہ ہی وزیراعظم سے وزیراعلیٰ کی غیر رسمی ملاقات شیڈول ہے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے وزیراعظم کےدورہ کراچی میں وزیراعلیٰ کو مدعو نہ کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلی مرادعلی شاہ کو سرکاری طور پر وزیراعظم کےدورہ کراچی سےمتعلق آگاہ نہیں کیاگیا اور نہ ہی  وزیر اعلی کو صوبے کے منصوبے کے اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔