Official Web

حکومت کہیں نہیں جارہی لیکن آصف زرداری جیل جانے والے ہیں: وزیراعظم

جمرود: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کہیں نہیں جارہی بلکہ آصف زرداری جیل جارہے ہیں۔

جمرود میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں پہلا شخص تھا جس قبائلی علاقوں میں فوج بیجھنے کی مخالفت کی تھی، فوج کو بھیجنے کی وجہ فوج اور قبائلی عوام دونوں کے ساتھ زیادتی کی گئی، 1948 میں قبائل نے کشمیریوں کا ساتھ دیا جب کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی قبائلیوں نے بے پناہ قربانیاں دیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں جو نقصان ہوا ہے اس کی کسی کو اندازہ نہیں ہوا، پوری کوشش کروں گا کہ آپ کے کاروبار چلیں اور آپ کا نقصان پورا ہو، نوجوانوں کو سود کے بغیر قرضے ملیں تاکہ وہ اپنے کاروبار چلاسکیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم خیبر میں پانی کی فراہمی کے لیے جبہ ڈیم بنائیں گے، اس ڈیم سے 10 لاکھ لوگوں کو پینے کا پانی ملے گا، کاشت کاروں کو پانی فراہم کرنے کے لیے باڑہ ڈیم بھی بنائیں گے، واٹرسپلائی اسکیم بھی بنائیں گے اور خیبر میں 12 بائی پاس بناکردیں گے جب کہ طورخم کی بارڈر کو 24 گھنٹے کھولنے کی اجازت دی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں افغانستان میں امن کیلئے دعا گو ہوں، میرا مشورہ افغانستان کےاندرونی معاملات میں مداخلت نہیں، افغانستان میں امن ہمارے اپنے مفاد میں بھی ہے، تجربے کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں کہ افغانستان میں عبوری حکومت سے الیکشن کرایا جائے کیوں کہ اگر کسی جماعت نے الیکشن کا نتیجہ نہ مانا تو وہاں پھر انتشار ہوگا، عبوری حکومت سے الیکشن پر کوئی انگلی نہیں اٹھائے گا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جتنا میرے بس میں ہے میں وہ چیزیں آپ کو دوں گا، پاکستان کی تاریخ کا سب سے مشکل معاشی مرحلہ آج ہے، جب ہمارے 5 سال پورے ہوں گے تو ہمارا دیگر حکومتوں سے موازنہ ہوگا، 2008 میں پی پی حکومت آئی تو قرضہ 6 ہزار ارب روپے تھا۔ ان کو کہنا تھا کہ ہم سمجھتے تھے سابق حکمرانوں کو معاشی حالات کا تجربہ تھا تاہم انہیں تو منی لانڈرنگ اور چوری کرنے کا تجربہ تھا، ان کے دو ادوار میں پاکستان کا قرضہ6 ہزار ارب سے 30 ہزار ارب روپے پہنچ گیا۔