Official Web

گلوبل زلمی لیگ ‘کابل زلمی’ کی جیت کے ساتھ اختتام پذیر

اسلام آباد میں کھیلی جانے والی گلوبل زلمی لیگ، کابل زلمی کی جیت کے ساتھ اختتام پزیر ہوگئی۔ 

ایم سی آئی گراؤنڈ اسلام آباد میں کھیلی جانے والی گلوبل زلمی لیگ کے فائنل میں کابل زلمی نے مانامہ کو دس وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مانامہ زلمی کی ٹیم صرف 70 رنز بنا کر پویلین لوٹی، کابل زلمی کی جانب سے قریب اللہ نے 4 اور جمہ دین نے 3 وکٹیں حاصل کیں، مانامہ کی جانب سے شہریار 18 اور یونس 10 دس رنز بناکر نمایاں رہے۔

جواب میں کابل زلمی نے ہدف بغیر کسی نقصان کے صرف 6 اوورز میں حاصل کیا اور فائنل دس وکٹوں سے جیت کر گلوبل زلمی لیگ کا تیسرا ایڈیشن اپنے نام کرلیا۔

وسیم مند زئی 40 اور ننگیال 30 رنز بناکر نمایاں رہے، فائنل کے بعد کابل زلمی نے روایتی رقص کر کے خوشی کا بھرپور اظہار کیا۔

پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی، ہیڈ کوچ محمد اکرم ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ پروگرام عثمان ڈار اور عمر امین نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

اس موقع پر جاوید آفریدی نے گلوبل زلمی لیگ کا اگلا ایڈیشن پورے پاکستان اور بیس ٹیموں کے ساتھ کرانے کا اعلان کیا اور کہا کہ چار سال قبل صرف ایک ٹوئٹر پیغام کے ذریعے انہوں نے گلوبل زلمی کے انعقاد کی بنیاد رکھی اور آج 30 سے زائد ممالک میں زلمی کلبز موجود ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ گلوبل زلمی کا اگلا ایڈیشن ملک کے مختلف شہروں میں منعقد کیا جائے گا۔

جاوید آفریدی نے گلوبل زلمی لیگ کے انعقاد کے لیے بھرپور تعاون پر اسلام آباد میونسپل کارپوریشن، مئیر اسلام آباد شیخ انصر عزیز اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

پشاور زلمی کے ہیڈکوچ محمد اکرم نے کہا کہ گلوبل زلمی لیگ کے ذریعے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو اپنے کرکٹ ٹیلنٹ کے اظہار کا موقع ملا ہے، لیگ کے ذریعے جو بہترین کھلاڑی سامنے آئے ان پر مشتمل ایک گلوبل زلمی الیون تشکیل دی جائے گی اور یہ ٹیم دنیا کے مختلف ممالک کا دورہ کرے گی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ہوتھ پروگرام عثمان ڈار نے گلوبل زلمی لیگ کے کامیاب انعقاد پر پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی اور پوری زلمی مینجمنٹ کو مبارکباد دی اور کہا کہ سولہ ممالک سے ٹیموں کی آمد نے پاکستان کا مثبت امیج دنیا بھر میں اجاگر کیا۔

انہوں ںے کہا جاوید آفریدی اور پشاور زلمی نے کرکٹ کی خدمت کی ہے اور وزیر اعظم عمران کی خان کی ہدایت پر شروع ہونے والے یوتھ پروگرامز میں زلمی فاونڈیشن ہماری ہم قدم ہوگی۔