Official Web

ماضی کے وزیراعظم نے بلوچستان سے زیادہ لندن کے دورے کیے، وزیراعظم

کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ماضی کے وزیراعظم نے بلوچستان سے زیادہ لندن کے دورے کیے تاہم ہم سے جوہوسکا بلوچستان کے لیے کریں گے۔

کوئٹہ پہنچنے پر کچلاک ژوب روٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی سے پاکستان کی ترقی وابستہ ہے، ماضی کے وزیراعظم نے بلوچستان سے زیادہ لندن کے دورے کیے،  آج سی پیک کے ژوب اور کچلاک روڈ کا سنگ بنیاد رکھنے جارہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ماضی میں حکمرانوں نے بلوچستان کو بری طرح نظر انداز کیا ہے، ماضی میں حکمرانوں نے ملک کو ایسے چلایا کہ ہم کنگال ہوگئے، ماضی میں جو قرضے لیے اس کے روزانہ 6 ارب ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سے جوہوسکا بلوچستان کے لیے کریں گے، بلوچستان میں صوبائی حکومت پاک فوج کے ساتھ مل کر کینسر اسپتال بنائیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم عمران خان گورنر، وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزراء کے ہمراہ کوئٹہ کینٹ پہنچے جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم کا آرمی ایوی ایشن بیس پر استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس اور کوئٹہ تا ژوب سڑک این 50 کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے، کوئٹہ تا ژوب سڑک سی پیک مغربی روٹ کا حصہ ہے، اس کے علاوہ وزیراعظم آج شام گوادر کا دورہ بھی کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان آج صبح ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے جہاں وزیراعلیٰ اور گورنر بلوچستان نے ان کا استقبال کیا۔ کوئٹہ کے دورے کے دوران وزیراعظم مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے، اس کے علاوہ وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی ہوگا جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی وزراء شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان دورہ کوئٹہ کے بعد آج رات کراچی پہنچیں گے جہاں گونر ہاؤس کراچی میں ڈنر ہوگا، اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان سے گورنر ہاؤس کراچی میں پی ٹی آئی ارکان قومی و صوبائی اسمبلی ملاقات بھی کریں گے جس میں سندھ کی مجموعی صورتحال پر گفتگو ہوگی جب کہ پی ٹی آئی ارکان اپنے حلقوں کے مسائل، کراچی میں ترقیاتی کاموں اور سیاسی صورتحال سے آگاہ کریں گے۔