Official Web

چیئرمین نیب کا بریگیڈیئر(ر) اسد منیر کی مبینہ خود کشی کی انکوائری کا فیصلہ

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے  بریگیڈیئر ریٹائرڈ اسد منیر کی مبینہ خود کشی کی انکوائری کا فیصلہ کیا ہے۔ 

نیب اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب اسد منیر کی خود کشی کی انکوائری خود کریں گے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین نیب نے اسد منیر سے متعلق تمام ریکارڈ نیب راولپنڈی سے فوری طلب کرلیا ہے تاکہ قانونی تقاضے پورے کیے جاسکیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں قومی احتساب بیورو (نیب) ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں اسد منیر کے خلاف ریفرنس دائر کرنےکی منظوری دی گئی تھی، ان پر نیب نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ایف 11 میں پلاٹ بحال کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔

نیب کے الزامات کے بعد بریگیڈیئر (ر) اسد منیر نے گھر میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی تھی۔

اسد منیر کی جانب سے اپنی خود کشی سے قبل ایک خط بھی تحریر کیا گیا تھا جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ نیب انہیں بے بنیاد مقدمات میں نامزد کر رہا ہے، نیب کے رویئے سے تنگ کرخودکشی پر مجبور ہو رہا ہوں۔

انہوں نے اپنے خط میں چیف جسٹس آف پاکستان سے معاملے پر نوٹس لینے کی اپیل بھی کی تھی جس پر بعدازاں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ نے نوٹس لیا تھا۔

چیف جسٹس پاکستان نے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال سے اسد منیر کے دائر ریفرنسز اور اس حوالے سے اب تک کی جانے والی تحقیقات کی رپورٹ بھی طلب کیں ہیں۔